• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا: کپل شرما کے کیفے پر دوبارہ فائرنگ، بشنوئی گینگ کا اگلا ہدف کیا ہے؟

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

معروف بھارتی کامیڈین اور اداکار کپل شرما کے کینیڈا میں کیفے پر ایک ماہ میں دوسرا بڑا حملہ ہوا ہے، جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کرلی اور اگلی کارروائی کی دھمکی بھی دے دی۔

کپل شرما کے کیپس کیفے پر فائرنگ کا واقعہ صبح تقریباً 4:40 بجے پیش آیا، نامعلوم حملہ آوروں نے چلتی گاڑی سے 25 فائر کیے، خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم کیفے کی کھڑکیوں اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

کپل شرما اور ان کی اہلیہ کا یہ کیفے سرے، برٹش کولمبیا میں واقع ہے، جس کا افتتاح کچھ ہی ہفتے قبل ہوا تھا۔ کیفے پر پہلا حملہ 10 جولائی کو ہوا تھا، جب کیفے میں عملہ موجود تھا، اس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو خطرناک گینگسٹر گُرپریت سنگھ عرف گولڈی ڈھلون اور لارنس بشنوئی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

 سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں گولڈی ڈھلون نے کہا کہ  آج جو یہ کپل شرما کے کیپس کیفے میں فائرنگ ہوئی، اس کی ذمہ داری گولڈی ڈھلون اور لارنس بشنوئی گینگ لیتے ہیں، ہم نے ان کو فون کیا لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا اس لیے ایکشن لینا پڑا۔ اب بھی اگر فون نہ اٹھایا تو اگلی کارروائی جلد ہی ممبئی میں کریں گے۔

سوشل میڈیا پر واقعے کی مبینہ ویڈیو بھی سامنے آئی، جس میں گولیوں کی آوازیں سنی گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کیفے کے افتتاح کے چند دن بعد ہی فائرنگ کا پہلا واقعہ ہوا تھا جس کی ذمہ داری ہر جیت سنگھ نامی دہشت گرد نے قبول کی تھی اور کپل شرما سے مبینہ قابلِ اعتراض بیان پر معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید