کیلیفورنیا کے ایکویریم کے گرنے اور اس کے نتیجے میں 50 افراد کی ہلاکت کی خبر جعلی نکلی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ کیلیفورنیا میں واقع ایک ایکویریم گرنے سے 50 افراد ہلاک ہوگئے، تاہم حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔
یہ ویڈیو 4 اگست 2025ء کو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپلوڈ کی گئی، جس میں مختلف ہیش ٹیگز کے ساتھ اس حادثے کو دکھایا گیا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک بڑا ایکویریم گرنے سے شدید تباہی ہوئی اور متعدد افراد ہلاک ہوئے۔
بین الاقوامی خبروں کی جانچ کرنے والے معتبر ذرائع کے مطابق ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا اور یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
مذکورہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر متعدد ایسی ویڈیوز موجود ہیں جس میں سونامی، زلزلے، فوجی طیارے کے حادثے اور جرمنی میں ایک اور ایکویریم گرنے جیسے واقعات دکھائے گئے ہیں، جو حقیقت میں کہیں نہیں ہوئے۔
یہ تمام ویڈیوز مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی معلوم ہوتی ہیں، جس میں ناقابلِ یقین حد تک صاف اور مکمل فوکسڈ مناظر دکھائے گئے ہیں جیسے ہر آفت کے وقت کیمرا ٹیم پہلے سے موجود ہو۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی ویڈیوز میں AI کی خصوصیات واضح ہوتی ہیں، جیسے کہ ایڈیٹنگ اور قدرتی آفات کے دوران انتہائی منظم اور پرفیکٹ فریمنگ۔
اگر کیلیفورنیا جیسے علاقے میں اتنی بڑی آفت پیش آتی، تو یہ واقعہ عالمی میڈیا کی سرخیوں میں ضرور شامل ہوتا، تاہم کسی بڑے نیوز نیٹ ورکس پر بھی ایسی کسی ہلاکت خیز تباہی کی کوئی رپورٹ موجود نہیں۔
اسی طرح جولائی 2025ء میں روس کے قریب زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر کیلیفورنیا میں سونامی سے ہزاروں اموات کی جھوٹی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں، جنہیں بعد ازاں مستند اداروں نے فیک قرار دیا۔