پاکستان نے عالمی طاقتوں سے غزہ سے اسرائیلی محاصرہ فوری ختم کروانے کا مطالبہ کر دیا۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں کوپ 29 کانفرنس میں شرکت کی جہاں اُنہوں نےگلیشئرز پگھلنے اور اس حوالے سے تعاون کے فروغ کی بات کی۔
اُنہوں نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان، ترکیہ، ڈنمارک، چیک جمہوریہ سمیت متعدد ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے وزیرِاعظم شہباز شریف کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں انہوں نے غزہ سے اسرائیلی محاصرہ فوری ختم کروانے کا مطالبہ کیا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم عرب اسلامک سمٹ کے مشترکہ اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔