• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

58 ارب سے زائد لاگت کے 3 توانائی منصوبے منظور

سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) اجلاس میں 58 ارب سے زائد لاگت کے 3 توانائی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔

اعلامیے کے مطابق سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس میں 58 ارب روپے سے زائد لاگت کے 3 توانائی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق بجلی ترسیل کے نظام میں بہتری کا 9 ارب لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سکھر الیکٹرک ڈسٹری بیوشن کمپنی کے 66 کے وی کے 4 گرڈ اسٹیشن کو 32 کے وی کا کیا جائے گا، تھری فیز میٹرز پر 50 ہزار ایڈوانس میٹر نصب کیے جائیں گے۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ڈسٹری بیوشن نظام کی بہتری کے لیے 27 ارب 61 کروڑ منظور کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق لیسکو میں 132 کے وی کے 5 گرڈ اسٹیشنز قائم اور 1 لاکھ 31 ہزار ایڈوانس میٹر نصب کیے جائیں گے۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے ڈسٹری بیوشن نظام کی بہتری کا 22 ارب روپے لاگت کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سی ڈی ڈبلیو پی نے تینوں منصوبے قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کو بھجوادیے ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک تینوں منصوں کےلیے مالی معاونت فراہم کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید