پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی نے کہا مجھے نہیں لگتا مذاکرات کا کوئی فائدہ ہے، انہوں نے کہا براہ راست بات ہوگی تو مجھ سے ہوگی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کافی حد تک بحال ہوچکی ہیں، اب بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقاتیں ہو جاتی ہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر ملاقات کے لیے گئے تھے لیکن ملنے نہیں دیا گیا، گزشتہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کا پوچھا تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ براہ راست بات ہوگی تو مجھ سے ہوگی۔
علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کے احتجاج کا فیصلہ کیا، اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے ان کے پاس کچھ دن ہیں، دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے نکلتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس بار 8 فروری سے زیادہ لوگ نکلیں گے۔