سندھ کے وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ضلع سجاول کے شاہ بندر میں گیس اور کنڈینسیٹ کی ایک بڑی دریافت ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (SEHCL) ہماری جوائنٹ وینچر پارٹنر ہے۔ کمپنی شاہ بندر بلاک میں 2.5 فیصد پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ 63 فیصد میجارٹی کے ساتھ آپریٹر کے طور پر کام کرتا ہے، ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (GHPL) کے پاس بالترتیب 32 فیصد اور 2.5 فیصد ورکنگ ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا پتیجی-6 کنویں کو 11 اکتوبر 2024 کو کھودا گیا تھا، کنویں کو لوئر گورو فارمیشن میں بالائی ریت کے ہائیڈرو کاربن کیلئے 2475 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کنویں کی ریسرچ کے بعد کھدائی ہماری امید پر پوری اتری ہے، یومیہ 11.7 ملین مکعب فٹ گیس اور 198 بیرل یومیہ (BPD) کنڈینسیٹ نکل رہا ہے۔
انھوں نے کہا پی ایس آئی 2578 کے ویل ہیڈ فلونگ پریشر (WHFP) کے تحت نتائج حاصل کیے گئے۔ کنویں کی دریافت سندھ کے شاہ بندر بلاک کی ہائیڈرو کاربن صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا گیس کی دریافت ملک کے توانائی کے وسائل کو تقویت دینے میں ایک قدم آگے بڑھاتی ہے، امید کرتا ہوں بلاک میں مزید کھوج اور ترقیاتی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
دریں اثنا سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے بھی عوام بالخصوص سجاول کے شہریوں کو مبارکباد دی ہے۔