باب دوستی سے پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کےنفاذ کے ایک سال مکمل ہونے پر 20 ہزار مقامی افراد میں فری ای پاسپورٹ کی تقسیم کی گئی۔
باب دوستی سے پاسپورٹ ٹریولنگ پالیسی کے نفاذ کو ایک سال مکمل ہوگیا جس پر حکومت بلوچستان کی جانب سے 20 ہزار افراد کو فری ای پاسپورٹ فراہم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر چمن حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ نئی پاسپورٹ پالیسی کےخلاف احتجاج کرنے والے 14 ہزار مقامی افراد نے بھی پاسپورٹ اپلائی کیا۔ 20 ہزار ای پاسپورٹ کیلئے فیس صوبائی حکومت نے ادا کی ہے۔
کمشنر کے مطابق نئی پاسپورٹ پالیسی کا مقصد سرحد پار سے ہونے والی بےامنی کی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔ پاکستان میں بیشتر حملوں میں سرحد پار سے آئے افغان شہری ملوث پائے گئے ہیں۔
کمشنر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کا فری پاسپورٹ کا اجراء دو طرفہ سرحد پر روزگار کی بحالی کےلیے بڑا قدم ہے۔
صوبائی حکومت متاثرہ محنت کشوں میں بی آئی ایس پروگرام کے 90 کروڑ روپے تقسیم کرچکی ہے، پاسپورٹ کے اجراء کے بعد فری ویزا پر بھی کام جاری ہے۔