• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین نے میٹا پر 84 کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کردیا

برسلز (نیوز ڈیسک) یورپی یونین نے سوشل میڈیا کمپنی میٹا پر 84کروڑ ڈالر جرمانہ عائد کردیا۔ یورپی یونین نے فیس بک کے صارفین کو کلاسیفائیڈ اشتہارات کی سروس فیس بک مارکیٹ پلیس تک خودکار رسائی دے کر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرجرمانے کا اعلان کیا۔ یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ میٹا نے آن لائن تجارتی پلیٹ فارم پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کی۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ یورپی یونین کے عدم اعتماد کے قوانین کے تحت غیر قانونی ہے۔ میٹا کو اب اس طرز عمل کو روکنا ہوگا۔ میٹا کے اقدام کو بدسلوکی سے تعبیر کرتے ہوئے کمیشن نے کہا کہ چونکہ فیس بک مارکیٹ پلیس فیس بک سے منسلک ہے، اس لیے حریف مقابلہ نہیں کر سکتے۔ تمام فیس بک صارفین کو خود بخود تجارتی پلیٹ فارم تک رسائی حاصل ہوتی ہے اور باقاعدگی سے فیس بک مارکیٹ پلیس ان کے سامنے آتی ہے ۔ دوسری جانب میٹا نے فیصلے کے خلاف اپیل کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے میں آن لائن کلاسیفائیڈ لسٹنگ سروسز کے لیے یورپی مارکیٹ کی حقیقتوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ فرم نے اپنے بیان میں کہا کہ فیس بک کے صارفین انتخاب کر سکتے ہیں کہ آیا مارکیٹ پلیس کے ساتھ مشغول ہونا ہے یا نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ لوگ فیس بک مارکیٹ پلیس اس لیے استعمال کرتے ہیں کیوں کہ وہ اسے پسند کرتے ہیں، انہیں مجبور نہیں کیا جاتا۔
یورپ سے سے مزید