واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ اب ختم ہونی چاہیے۔ ٹرمپ نے امریکا فرسٹ پولیٹکس انسٹیٹیوٹ کے لیے فلوریڈا میں اپنی رہایش گاہ میں منعقد تقریب سے خطاب کیا۔ حالیہ دنوں میں روس یوکرین جنگ میں فوجیوں اور عام شہریوں سمیت ہزاروں لوگوں کی ہلاکت کے بارے میں سامنے آنے والی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ ہم روس اور یوکرین پر بہت زیادہ محنت کریں گے۔ اس تنازع کو اب ختم ہونا چاہیے۔ ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی انتظامیہ مشرق وسطیٰ کی پیش رفت پر توجہ مرکوز کرے گی۔ٹرمپ نے اپنی تقریر میں5نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہم نے تمام سوئنگ ریاستوں میں عوامی رائے دہی میں بھی سبقت حاصل کرکے امریکا کی تاریخ میں سب سے بڑی سیاسی فتح حاصل کی ہے۔