کراچی (نیوزڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے اپنے منظور شدہ ٹور میں ردوبدل کرتے ہوئے نئے ٹور کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔نئے ٹور شیڈول کے مطابق ٹور کا آغاز گزشتہ روز سے اسلام آباد ہوگیا اور ٹرافی 25 نومبر تک پاکستان میں رہے گی ۔اس دوران اسے مختلف شہروں میں لے جایا جائے گا۔ اسلا م آباد میں چیمپئنز ٹرافی کو دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم سمیت اسکول کالجز اور مختلف سائٹس پر لے جایا گیا، سابق کرکٹر شعیب اختر ٹرافی کے ہمراہ تھے۔ ٹرافی ٹیکسلا اور خانپور جبکہ 18نومبر کو ٹرافی ٹور ایبٹ آباد میں ہو ا، 19نومبر کو ٹرافی مری لے جائی جائیگی، 20 نومبر کو نتھیا گلی اور 22سے 25نومبر تک کراچی میں ٹرافی کا ٹور ہو گا۔واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں شریک تمام ممالک میں جائے گی، پاکستان کے بعد ٹرافی ٹور 26سے 28نومبر تک افغانستان میں، 10سے 13 دسمبر بنگلا دیش، 15سے 22 دسمبر جنوبی افریقا اور 25 دسمبر سے 5جنوری تک آسٹریلیا میں ہوگا۔مزید بر اں 6 جنوری سے 11جنوری نیوزی لینڈ، 12سے 14 جنوری انگلینڈ اور 15سے 26جنوری بھارت میں ٹرافی ٹور ہو گا۔ واضح رہے کہ بھارتی دباؤ پر آئی سی سی نے پاکستان میں ٹرافی ٹور سے 3شہر اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد نکال دئیے۔دریں اثناپاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع نے کہا تھاکہ ٹرافی ٹور میں آزاد کشمیر کو شامل کرنے پر بھارتی اعتراض ناجائز ہے، بھارت 2023کی ورلڈ کپ ٹرافی لداخ کے متنازع علاقے میں کیوں لے کر گیا تھا۔ آئی سی سی کے مطابق 27جنوری کو پاکستان میں ٹرافی کا ایونٹ شروع ہو گا۔