کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت علمائےاسلام پاکستان کے صوبائی امیر مولانا عبد المالک اور صوبائی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر اسماعیل بلیدی مولانا عبدالغنی ساسولی حاجی سید قاسم شاہ پروفیسر حسین احمد شیرانی حافظ منصور احمد مینگل اور ڈاکٹر حفیظ الرحمن کھوسہ نے مشترکہ بیان میں مغوی بچے کی تاحال عدم بازیابی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں ہر طرف انتشار، بدامنی، ہڑتالوں، احتجاجوں اور دھرنوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ حکومت نام کی شے کا کوئی وجود نہیں اور عوام جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر ہیں پورے صوبے میں ایک بھی ضلع ایسا نہیں ہے جو کسی نہ کسی حوالے سے اس صورتحال سے متاثر نہ ہو انہوں نے کہا ہے کہ معاشی طور اور پسماندگی کی وجہ سے پہلے سے ہی مشکلات کے شکار صوبے کے عوام بدامنی اور اس سے جڑے ہوئے مسائل کے باعث نئی مصیبت کا سامنا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام میں تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ جب تک حکومت اپنے آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کرتی اس وقت تک وہ ان حالات کی ذمہ داری سماج دشمن عناصر کے اوپر ڈال کر اپنے آپ کو بری الذمہ نہیں کرسکتی انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر سے اغوا ہونے والے بچے کو بحفاظت بازیاب کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔