بھارت کی ریاست تلنگانہ میں انتہائی کم قیمت پر بیچا جانے والا ادرک لہسن کا پیسٹ ضبط کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز حکام نے ادرک لہسن کا پیسٹ بنانے والے یونٹ کا دورہ کیا جہاں کچھ مشکوک چیزوں کا علم ہوا، یونٹ کے پاس کچھ لائسنس موجود نہیں تھے۔
ٹاسک فورس کو وہاں پتہ چلا کہ ادرک لہسن کے پیسٹ کو کیمیکلز، ڈٹرجنٹس اور فینائل کی مصنوعات کے پاس ذخیرہ کیا گیا تھا۔
حکام نے بدبو آنے اور ملاوٹ کے شبے میں 960 کلو ادرک لہسن کا پیسٹ قبضے میں لے لیا۔
حکام کے مطابق ادرک لہسن کا پیسٹ غیر معمولی طور پر بہت کم قیمت پر فروخت کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے یہ معاملہ مزید مشکوک ہو گیا تھا، ٹیم نے نمونے اکٹھے کر کے مزید تفتیش کے لیے انہیں لیبارٹری بھیج دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ میں ٹاسک فورس کھانے پینے کی اشیاء کا مختلف مقامات پر معائنہ کر رہی ہے۔
گزشتہ چند مہینوں کے دوران حکام نے ریسٹورینٹس، مٹھائی، شوارما اور پان کی دکانوں سمیت دیگر کھانے پینے کے اسٹالز کے خلاف فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کی۔