بالی ووڈ کی مشہور اور سُپر ہٹ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ بھارت میں ہی حقیقت بن گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سورت شہر میں جعلی ڈاکٹروں نے دن دیہاڑے ایک اسپتال کھول لیا اور اس کی افتتاحی تقریب میں اعلیٰ عہدے داروں اور پولیس حکام کو بنا بتائے ہی مہمانوں کے طور پر مدعو کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی حکومت کے ایکشن کے بعد اسپتال کو افتتاح کے ایک دن بعد ہی بند کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس کیس میں شامل 5 افراد میں سے کم از کم 2 کے پاس جعلی ڈگریاں ہیں جبکہ دیگر 3 افراد کی ڈگریوں کے حوالے سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے اسپتال کو سیل کر دیا ہے اور ڈگریوں کی تصدیق کی جا رہی ہے، تصدیق یا فراڈ سامنے آنے کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں اسی طرح کا ایک سین دکھایا گیا تھا جس میں اداکار سنجے دت اور ان کے ساتھیوں نے جعلی ڈاکٹر بن کر جعلی اسپتال کھولا تھا۔