پشاور ( ایجنسیاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات ہوئی جس میں سابق خاتون اول نے اختلافات کو ختم کرکے احتجاج کو کامیاب بنانے کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور بھی شریک تھے۔اس موقع پر بشریٰ بی بی نے ہدایت کی کہ فارورڈ بلاک کی باتوں سے نقصان پارٹی کا ہے، علی امین گنڈاپور کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نامزد کیا، اختلافات ختم کریں اور صوابی سے قافلے کو علی امین گنڈاپور کے ساتھ لیڈ کریں، وزیر اعلی خیبرپختونخوا، اسد قیصر اور عاطف خان قافلوں کو لیڈ کریں گے۔آپس میں ایک رہیں تاکہ ورکرز مایوس نہ ہوں، ہمارا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی ہے۔ذرائع کے مطابق 22 نومبر کو فائنل میٹنگ دوبارہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگی۔