• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ: پی ٹی آئی کا احتجاج، راستوں کی بندش، میت لے جانیوالی ایمبولینس پھنس گئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

گوجرانوالہ میں راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

چناب ٹول پلازا پر میت کے ساتھ جانے والی ایمبولینس بھی پھنس گئی۔

ایمبولینس ڈرائیور نے پولیس اہلکاروں سے راستہ کھولنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی میں میت ہے مہربانی کر دیں۔

ڈرائیور کی اپیل پر پولیس اہلکاروں نے ایمبولینس گزرنے کے لیے راستہ کھول دیا۔

24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث موٹر ویز سمیت کئی اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں بند روڈ کے مقام پر واقع تمام بس اڈے بند کر دیے گئے ہیں، شہر میں سڑکیں بلاک کرنے کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے، جبکہ پکڑے گئے کنٹینرز سگیاں پل، پرانی انارکلی اور لارنس روڈ پر کھڑے کیے گئے ہیں۔

ایس پی سیکیورٹی عبدالوہاب خان کی طرف سے جاری ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق جلسے، جلوسوں اور احتجاج کے باعث رنگ روڈ کو 2 دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے احتجاج سے قبل اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

رنگ روڈ لاہور بھی احتجاج کے پیشِ نظر 2 دن 23 اور 24 نومبر کو صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک بند رہے گا۔

موٹر وے پولیس نے موٹر ویز کو مختلف مقامات سے 22 نومبر کی رات سے ہی بند کر دیا ہے۔

ایم ون پشاور سے اسلام آباد، ایم ٹو لاہور سے اسلام آباد، ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور ایم 11 لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بند کیا گیا ہے۔

جڑواں شہروں میں 33 مقامات پر بندشیں کھڑی کی گئی ہیں، جگہ جگہ کنٹینر کھڑے کیے گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید