وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سندھ کے پانی کے حصے پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی۔
بچوں کے عالمی دن کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے 1991ء کے پانی معاہدے کے آئینی تحفظ پر زور دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت سندھ کے پانی کے حصے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی کی 1991ء کے پانی تقسیم کے معاہدے کے آئینی تحفظ کا مطالبہ کرتی ہے، معاہدے میں کچھ خامیاں ہیں، پھر بھی اس کا مکمل اطلاق چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کالا باغ ڈیم پر پارٹی کی دیرینہ مخالفت کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ موقف شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور کا ہے، جنہوں نے کموں شہید ضلع گھوٹکی میں تاریخی دھرنا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی حقیقی آواز ہے اور ہم سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی چھیننے نہیں دیں گے، پانی کی تقسیم کے حوالے سے ہر منفی اقدام کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
سید مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ سندھ کو پانی کی تقسیم کے حوالے سے آئینی تحفظ دیا جائے، ہمیں سندھ اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے اور پیپلز پارٹی صوبے کی 70 فیصد آبادی کی نمائندگی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد رکھتے ہیں، نہ صرف اس لیے کہ ہم ان کی خدمت کرتے ہیں بلکہ ان کے حقوق کا تحفظ بھی کرتے ہیں۔