وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے رولز آف بزنس کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے رولز آف بزنس کی خلاف ورزی پر سیکریٹری پیٹرولیم مومن آغا کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ مستقبل میں رولز آف بزنس کی خلاف ورزی سے اجتناب کیا جائے۔
خط کے متن کے مطابق وزیر کی منظوری کے بغیر ایڈیشنل سیکریٹری پالیسی نے جامشورو جائنٹ ونچر لمیٹڈ معاملے پر موقف دیا اور اس سے متعلق ایس ڈی پی آئی کی رپورٹ بھی نہیں بھیجی۔
ذرائع کے مطابق خط کے متن کے مطابق رپورٹ جے جے وی ایل کے ایل پی جی پلانٹ کی بندش، وجوہات اور شروع کرنے سے متعلق ہے۔
خط میں کہا گیا کہ وزیر پٹرولیم کی منظوری بغیر پرانی مالیاتی پالیسی کے تحت آف شور بلاکس کی بولی کا عمل شروع کیا گیا، ایڈیشنل سیکریٹری نے وفاقی وزیر کو بتایا پرانی پالیسی کے تحت بولی پر آپ کی منظوری لی۔
ذرائع کے مطابق وزیر پٹرولیم نے کہا کہ مجھے تو اس منظوری کا یاد نہیں، ریکارڈ چیک کرنے پر ڈاکٹر مصدق ملک کی بات کی تصدیق ہو گئی۔
خط میں کہا گیا کہ پرانی پالیسی پر واپس جانے کے کچھ فوائد ہو سکتے ہیں مگر وزیر کی منظوری ضروری تھی، وزیر پٹرولیم نے متعلقہ فائل اپنے دفتر واپس منگوانے کی ہدایت کر دی۔