ایران جوہری پروگرام پر مغرب کے ساتھ بات چیت کے لیے راضی ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے 29 نومبر کو برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نائب وزرائے خارجہ کے ساتھ بات چیت ہو گی۔
میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران جوہری پروگرام اور خطے کی صورتِ حال کے بارے میں اسی ہفتے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ تبادلۂ خیال کرے گا۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات 29 نومبر کو ہوں گے تاہم یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ مذاکرات کس جگہ ہوں گے۔
اس سے قبل جاپان کے خبر رساں ادارے نے رپورٹ میں کہا تھا کہ 4 ملکوں کے نمائندوں کی ممکنہ ملاقات 29 نومبر کو جنیوا میں ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت عالمی جوہری ادارے کی ایران کے بارے میں منظور کردہ قرار داد کے بعد سامنے آئی ہے۔