بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا۔
بیلا روس کے صدر 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر بیلاروس کےصدر پاکستان پہنچے ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور سینئر سرکاری حکام بھی معزز مہمان کے استقبال کیلئے موجود تھے۔
دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوگی، بیلاروس کے وزیرخارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا، وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزراء سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔
بیلا روس کے صدر کا دورہ مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے، بیلاروس کے صدر کی اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات ہوگی، پاک بیلاروس قیادت دو طرفہ تعاون اور روابط بڑھانے کیلئے بات چیت کرے گی۔
بیلا روس کے صدر کے دورہ پاکستان میں کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔