• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان ضلع کونسل اجلاس سے غیر حاضر افسران کی تنخواہیں بند کرنے کا فیصلہ

مردان( نامہ نگار) ضلع کونسل کے اراکین نے بعض محکموں کے ضلعی افسران کی کونسل کے اجلاسوں میں مسلسل غیر حاضری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان محکموں کےسیلری اور نان سیلری بجٹ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کونسل کا اجلاس کنونیئر اسد علی کی صدارت میں ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے اراکین کونسل جواد خان، واجد علی،فرخ ، کمال خان،سجادخان،حبیب رسول اور نعیم باچا نے کہا کہ ضلع کے ماتحت اداروں کے افسران کونسل کے اجلاسوں سے اکثر غیر حاضر ہوتے ہیں اور جب اراکین اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں تو کوئی ان کو جواب دینے کے لئے موجود نہیں ہوتا جس پر اراکین نے فیصلہ کیا کہ ان محکموں کےبجٹ برائے سال 2016-17 کومنظور نہیں کیا جائےگا ۔انہوں نے کہا کہ ایک سال گزر جانے کے باوجود عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام شروع نہ ہوسکاجس کے باعث عوامی مسائل روزبروز بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے وعدوں کے مطابق اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کریں۔ضلع کونسل کے رکن سلیم خان نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مردان کی ترقی کی خاطر اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کو چھوڑ کر تعاون کریں اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے۔انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے کی حقیقی صورتحال جاننے کےلئےفوری طور پرپارٹی سے وابستہ مختلف اضلاع کے ضلع اور تحصیل کے کونسلروں کا کنونشن طلب کرے۔ضلع کونسل نے صوبائی اسمبلی کے ارکان کے تنخواہوں میں اضافے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی۔بعد ازاںضلعی کنونیئر اسد علی کشمیری نے کہا کہ مالی سال برائے 2016-17کے لئے بجٹ اجلاس 22جولائی جمعے کے روز صبح نو بجے ملن شادی ہال سپورٹس کمپلیکس مردان میں طلب کر لیاگیا ہے ۔
تازہ ترین