کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،مخصوص سیکٹرز میں خریداری سے نئے ہفتے کا مثبت آغاز،کے ایس ای100انڈیکس میں 281پوائنٹس کا اضافہ،98ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور ہونے سے نیا ریکارڈ بن گیا، 47.82فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،سرمایہ کاری مالیت میں بھی 15ارب 22کروڑ 85لاکھ روپے کا اضافہ، تاہم کاروباری حجم48.74فیصد کم رہا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری سیاسی کشیدگی اور احتجاج کے باعث نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے بعد 100انڈیکس 661پوائنٹس تک گھٹ گیا،تاہم بعد ازں مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کی بینکنگ، فرٹیلائزر، فارما اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں خریداری سے صورتحال تبدیل ہو گئی اور ایک موقع پر 100انڈیکس98 کے بعد 99ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کرتے ہوئے 1519پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا تاہم اختتام سے پہلے منافع کی خاطر فروخت کا دباؤ بڑھنے سے کے ایس ای100انڈیکس 281.55 پوائنٹس کے اضافے سے97798.23پوائنٹس سے بڑھ کر 98079.78پوائنٹس پر آکر بند ہوا جو کہ مارکیٹ کا ایک نیا ریکارڈ ہے