پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
صوبائی چیئرمین پیٹرولیم ایسوسی ایشن گل نواز آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور میں پیٹرول کا ذخیرہ 3دن کارہ گیا ہے جبکہ ڈیزل ختم ہوچکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاورمیں روزانہ 40 سے 45 لاکھ لیٹر پیٹرول اور 25 سے 30 لاکھ لیٹر ڈیزل کی کھپت ہے، ڈیزل جنوبی پنجاب سے آتا ہے۔
گل نواز آفریدی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے باعث راستوں کی بندش سے پنجاب اور ڈی آئی خان میں ڈیزل کی گاڑیاں کھڑی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے آمدورفت میں مشکلات ہیں، 3 دنوں میں راستے نہ کھلے تو پشاور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ ہے۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی احتجاج کے باعث دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔