• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی کا مستقبل، آئی سی سی بورڈ میٹنگ جمعہ کو فیصلہ کریگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا فیصلہ جمعے کو آئی سی سی کے اہم اجلاس میں ہوگا۔ آئی سی سی نے میٹنگ کی تصدیق کردی۔ امکان ہے کہ فیصلہ ووٹنگ کے ذریعے ہوگا۔ نئے چیئرمین جے شاہ کے چارج سنبھالنے سے دو دن پہلے آئی سی سی رکن ملک یہ فیصلہ کریں گے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی یا بھارت کے انکار کے بعد ہائی برڈ ماڈل کے تحت کرایا جائے گا۔ آئی سی سی کی ہنگامی بورڈ میٹنگ آن لائن ہوگی ۔ تمام بورڈ ممبرز میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، مختلف آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان میں ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے منتقلی، یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ بورڈ کی ترجیح ہائبرڈ ماڈل کو اپنانا ہے، تاہم پاکستان پہلے ہی اس کی مخالفت کرچکا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے انکار کے بعد9 نومبر کو آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس کا جواب ابھی تک نہیں آسکا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ میزبانی میں کسی دوسرے ملک کو شریک کریں گے نہ ہی اضافی رقم لینے کی پیشکش قبول کریں گے، مکمل ایونٹ کا انعقاد اپنے ملک میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے جبکہ پاکستان ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہے ۔ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔ آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے اعلان کیلئے دباؤ کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید