کراچی (اسٹاف رپورٹر) پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں یکطرفہ شکست کھانے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم پل میں مٹی اور پل میں سونا بن جاتی ہے، گرین شرٹس ٹیم دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں مختلف انداز میں میدان میں اتری۔ شاندار بولنگ کے بعد صائم ایوب کی پہلی ون ڈے سنچری کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو دس وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی ۔ فیصلہ کن میچ جمعرات کو بولاوایو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی اسپنرز کا جادو سر چڑھ کر بولا اور زمبابوے کی ٹیم 145رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔9 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں ایک بیٹسمین رن آئوٹ ہوا۔ چار بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ پہلا ون ڈے کھیلنے والے ابرار احمد نے8 اوورز میں 33رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ وہ ڈیبیو پر چار وکٹیں لینے والے دنیا کے چوتھے بولر ہیں۔ جواب میں پاکستانی اوپنرز جم کر کھیلےاور ہدف18.2اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔ صائم ایوب نے پانچویں ون ڈے انٹر نیشنل میں113نا قابل شکست رنز بنائے۔ ان کی 62 گیندوں پر مشتمل اننگز میں تین چھکے اور 17چوکے شامل تھے۔ انہوں نے 53 گیندوں پر سنچری بنائی، یہ پاکستان کی جانب سے تیسری تیز ترین سنچری ہے۔ صائم نے سابق کپتان شاہد آفریدی کا تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ برابر کیا۔ انہوں نے ایک وکٹ بھی لی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ عبداللہ شفیق نے 48گیندوں پر32 رنز چار چوکے لگا کر بنائے ۔ منگل کو بولا وایو کے کوئینز کلب میں دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں زمبابوے کے کپتان کریگ اروِن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر توانداناشے مارومانی چار رنز بناکر دوسرے ہی اوور میں محمد ابرار کا شکار بن گئے، جویلورڈ گمبی 5 رنزبناسکے، ڈیون مائرز 33 ، کپتان کریگ ارون 18، شان ولیمز31 جب کہ سکندر رضا 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکا۔ سلمان علی آغا 3 وکٹ26رنز دے کر حاصل کئے۔ فیصل اکرم اور صائم ایوب ایک ایک شکار کیا ۔ فاسٹ بولروں حارث رئوف اور عامر جمال کو کوئی وکٹ نہیں ملی۔ واضح رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلےمیچ میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ میچ میں پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور طیب طاہر نے ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔