پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل محمد فیصل نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں تمام شواہد عدالت میں پیش کریں گے، کسی شخص کو سزا نہیں دی جا سکتی۔
محمد فیصل نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ورکرز آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکے کیونکہ ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
اُنہوں نے بتایا کہ عثمان ڈار، عمر تنویر بٹ، کنول شوزب عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علی امین گنڈاپور مصروفیات کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
محمد فیصل نے بتایا کہ عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پراسیکیوٹر کی بات غلط ہے، ملزمان عدالت پیش ہوئے تب ہی چالان کی نقول تقسیم ہوئیں، ملزمان کے مختلف عدالتوں میں ٹرائل ہو رہے ہیں، نئے مقدمات میں بھی ہماری قانونی ٹیم عدالتوں میں پیش ہو گی۔
محمد فیصل نے یہ بھی کہا کہ تاخیر کی وجہ پراسیکیوٹر خود ہیں، وہ نہیں چاہتے ایک ساتھ کیس چلیں، باقی مقدمات میں نقول تقسیم نہیں ہوئیں، صرف جی ایچ کیو حملہ کیس میں چالان کی نقول تقسیم ہوئی ہیں۔