کراچی میں شاہ فیصل کالونی کے ناتھا خان گوٹھ میں گورنمنٹ اسکول کی خاتون ٹیچر سے مسلح 2 ملزمان اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔
شاہ فیصل کالونی ناتھا خان گوٹھ میں خاتون ٹیچر سے اسلحے کے زور پر 2 ڈاکوؤں نے اسکول کے سامنے لوٹ مار کی۔
دو روز قبل پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنے دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے خاتون سے اسلحے کے زور پر پرس اور دیگر سامان چھینا۔
اس موقع پر شہریوں نے ہمت کرتے ہوئے ایک ملزم کو پکڑ لیا، موٹر سائیکل پر بیٹھے دوسرے ملزم نے پکڑے جانے کے خوف سے فائرنگ شروع کردی اور ساتھی کو چھڑایا۔
فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی، واردات کے وقت اسکول یونیفارم میں معصوم بچیاں اور خواتین بھی ویڈیو میں نظر آرہی ہیں، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے ملزمان کو شناخت کررہے ہیں، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔