وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد سے گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کے ویڈیو بیان نیوز کانفرنس میں پیش کر دیے۔
گرفتار کارکنوں نے ریکارڈڈ بیانات میں بتایا ہے کہ انہیں پیسے دے کر دھرنے میں لایا گیا، کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کرنی ہے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی ہے، تمام لیڈر متضاد بیانات دے رہے ہیں۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جس طرح دھرنے سے دم دبا کر بھاگی اس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ 3 روز پہلے پی ٹی آئی نے پوری کوشش کی کہ معیشت تباہ ہو جائے، دھرنا اسلام آباد پہنچا تو وہاں انہیں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وفاق پر تیسرا حملہ کیا جسے ناکام بنایا گیا، احتجاج کے دوران سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جبکہ کسی شہری کے جاں بحق ہونے کی شہادت نہیں ملی۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی، لطیف کھوسہ صاجب نے کہا کہ ہمارے 278 لوگ مارے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے بار بار ڈی چوک نہ آنے کا کہا، بشریٰ بی بی نے کہا کہ میں تو ڈی چوک ہی جاؤں گی، اسلحے اور مشینری سے لیس ہو کر کے پی حکومت نے وفاق پر حملہ کیا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ قومی ایئر لائن کی یورپ میں رسائی پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت نے اسٹاک ایکسچینج میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔