روسی حکام نے ٹرمپ کی برکس ممالک کو اپنی کرنسی بنانے پر محصولات عائد کرنے کی دھمکی پر ردِعمل ظاہر کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ ڈالر کے استعمال پر مجبور کرنے کی امریکی کوشش پر جوابی کارروائی ہو گی، ڈالر بہت سے ممالک کے لیے ریزرو کرنسی کے طور پر طلب کھو رہا ہے۔
ترجمان کریملن کا کہنا ہے کہ ڈالر کے استعمال پر مجبور کرنے کی کسی بھی امریکی کوشش کو جوابی کارروائی کا سامنا ہو گا۔
شام کے معاملے پر کریملن کا کہنا ہے کہ شام کی صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں، شام کے صدر بشار الاسد کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹ سامنے آئی تھی کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا 2025ء کے آغاز میں بھارت کا دورہ متوقع ہے۔
اس حوالے سے کریملن کا کہنا ہے کہ صدر ولادی میر پیوٹن کے دورۂ بھارت کی تیاریاں جاری ہیں تاہم دورےکی حتمی تاریخ مقرر نہیں ہوئی۔