آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 17 ویں عالمی اردو کانفرنس 2024ء کا انعقاد کیا گیا۔
17 ویں عالمی اردو کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ شریک ہوئے، جہاں معروف دانشور انور مقصود اور معروف شاعر افتخار عارف بھی موجود تھے۔
احمد شاہ نے بتایا کہ اس اردو کانفرنس کے بعد دیگر شہروں میں بھی ایسے اقدامات ہوئے جن میں پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی ضرورت ہے، 300 سال میں پنجاب نے جتنا کام اردو پر کیا کسی نے نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گانے والوں نے بھی اس زبان کو بہت پھیلایا، جبکہ مہدی حسن نے بھی اردو غزل کے ذریعے بہت کام کیا۔
محمد احمد شاہ نے کہا کہ پرائیویٹ یا سرکاری ادارے میں انگریزی بولنے پر نوکری ملتی ہے اس لیے نوجوان اردو سے دور ہوتے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی زبان خالی زبان نہیں ہوتی، ہر زبان کے پیچھے اس کی تہذیب، فلم، تھیٹر، مصور ہوتے ہیں۔
احمد شاہ نے بتایا کہ مختلف زبانیں بولنے والوں کے درمیان جو تفریق ہے اس کو ختم کرنے کی کوشش کی، ہم سمجھتے ہیں کہ جو اس تہذیب کا دشمن ہے وہی اس ملک کا دشمن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سب سے بڑی کانفرنس ہے، اس میں 64 سیشنز ہیں، جن میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا سیشن بھی شامل ہے، اس کے فوائد اور نقصانات بتائیں گے۔
احمد شاہ نے یہ بھی کہا کہ بڑے بڑے اینکر اردو بول کر اتنے معروف ہوئے، اس دفعہ آرٹسٹس اور اینکرز کو بھی لٹریچر کے ساتھ کنیکٹ کرتا دیکھیں گے۔