پیرس ( رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے خلاف اپوزیشن متحد ہو گئی، سیاسی بحران بڑھ گیا ، وزیراعظم مشیل بارنیئر پر مشتمل اقلیتی حکومت کے خلاف آج تحریک عدم اعتماد پیش ہونے اور ٹیکنوکریٹ حکومت کے قیام کا امکان ، وزیر اعظم مشیل بارنیئر نے پارلیمنٹ میں ووٹ کے بغیر بجٹ کے لئے خصوصی اختیارات کا استعمال کیا۔مشتعل اپوزیشن جماعتوں نے کہا کہ وہ بریگزٹ کے سابق مذاکرات کار کو برخاست کرنے کے لئے پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریں گے جو بدھ کے روز پیش ہو سکتی ہے۔بارنیئر نے اقدامات کے لئے خاطر خواہ حمایت حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد صدارتی حکم نامے کے ذریعے سماجی تحفظ میں متنازع اصلاحات کو آگے بڑھانے کا انتخاب کیا۔بائیں بازو کے ایک فرانسیسی رکن پارلیمنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعظم کے اس اقدام نے فرانس کو "گہرے، بڑے سیاسی بحران میں ڈال دیا ہے" صدر میکرون کی جانب سے موسم گرما میں قبل از وقت انتخابات کرانےکے بعد سے فرانس سیاسی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے جس کے نتیجے میں معلق پارلیمان وجود میں آئی جہاں کسی بھی جماعت کو قطعی اکثریت حاصل نہیں تھی۔