رئیس جامعۃ الرشید مفتی عبد الرحیم کا کہنا ہے کہ اگر کہیں دہشت گردی ہو رہی ہے تو یہ مدارس کی غلطی نہیں ہے، عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔
کراچی میں مقائم جامعۃ الرشید میں مدارس اور اسکولوں میں تعلیمی اصلاحات پر سیمینار منعقد کیا گیا۔
سیمینار سے رئیس جامعۃ الرشید مفتی عبد الرحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ الرشید میں سیاسی، معاشرتی، معاشی علوم پر تعلیم دی جاتی ہے، کچھ چیزیں ایسی ہیں جن کی ہم اصلاح کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعۃ الرشید میں جدید تعلیمی نظام بنایا گیا ہے، اس نظام تعلیم کو اصلاحی مقاصد سے ترتیب دیا گیا ہے، ہم دینی اور عصری تعلیم دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جامعۃ الرشید صرف اور صرف تعلیم کے لیے بنایا گیا ہے، آپ ہم سے سوال پوچھیں شریعت کے مطابق تعلیم دی جا رہی ہے یا نہیں، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
مفتی عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمے داری حکومت پر بنتی ہے، اگر کہیں دہشت گردی ہو رہی ہے تو یہ مدارس کی غلطی نہیں۔