وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے، دہشت گردی کی لعنت ختم کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
لاہور میں میری ٹائم ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کو مٹانے کا عزم غیر متزلزل ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف روز قربانیاں دے رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں ہم نے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کردیا تھا، بدقسمتی سے دہشت گردی کے ناسور نے اب دوبارہ سر اٹھا لیا ہے، حکومت اور افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کو درپیش سیکیورٹی چینلجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، سیکیورٹی اور معیشت ایک دوسرے سے منسلک ہیں، بلیو اکانومی بہت اہم ہے، گوادر پورٹ ملک کی معیشت اور جہاز سازی کے ہنر کے فروغ کیلئے اہم ہے، جولائی میں مجھے آگاہ کیا گیا کہ کراچی کے نزدیک ریئل اسٹیٹ لینڈ ڈیولپ کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان یقینی بنانے کیلئے اپیکس کمیٹی کے اجلاس ہوئے ہیں، ہمارے افسر اور جوان اپنے عوام کے محفوظ مستقبل کیلئے جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار لوگ شہید اور معیشت کو 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شپنگ کارپوریشن کا آج جو حال ہے ہمیں اس کا جائزہ لینا ہوگا، کراچی پورٹ ٹرسٹ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز ترین لوڈنگ اور ان لوڈنگ پر توجہ دینا ہوگی۔