وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس لگنے کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔
کراچی میں اوور سیز چیمبرز آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہوتی جا رہی ہے، مرغی اور دالوں کی عالمی قیمت کم ہو رہی ہے، مڈل مین کا کردار ختم کرنا ہو گا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ زیادہ اہم کائیبور ریٹ ہے، پرائیوٹ سیکٹر کو لیڈ کرنا ہے، 6 برس میں 6 ٹریلین روپے کا نقصان ہوا ہے، ملٹی نیشنل کمپنیز نے 2.2 ارب ڈالرز کا منافع باہر بھیجا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ او آئی سی سی آئی کا کاروباری اعتماد سروے حوصلہ افزاء ہے، 900 سے زائد جعلی پیٹرول پمپ سیل کیے ہیں، حکومت کی مفید پالیسیوں کی بدولت معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنلز کمپنیز کو کہا ہے کہ ایکسپورٹ بڑھائیں، سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی ہماری ذمہ داری ہے، پرائیویٹ سیکٹر کا معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اداروں کے مسائل کو حل کیا جائے گا، پاکستان میں بنی پراڈکٹس کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہو گا، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔