ملتان(سٹاف رپورٹر) انسدادِ تشدد مرکز برائے خواتین اوراین جی او سگنیفائی کے زیرِ انتظام یو ایس ایڈ لوکل ورکس "صبح نو" کے تحت " لائٹ اپ فار ایکوئیلٹی" سیمینار کی تقریب واک سینٹر، سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں اقوامِ متحدہ کی 16 دن کی مہم کے سلسلے میں منعقدکی گئی، جس کا بنیادی مقصد صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے، شعوری بیداری و آگاہی اور عملی اقدامات کو فروغ دینا تھا،تقریب میں، کمشنر ملتان مریم خان ، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان ام فروا ہمدانی، چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی، سردار موارہن خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالعزیز خان، ڈی ایس پی رانا ظہیر بابر، ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر منیزہ منظور بٹ، پنجاب کے پراسیکیوشن جنرل، محکمہ سوشل ویلفیئر ملتان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ، سگنیگائی این جی او سے زین بلوچ، ایس ایچ اووومن پولیس اسٹیشن ارم حنیف ، آپا زہرہ سجاد زیدی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالماجد وٹو، ارم سلیمی، محمد نبیل خان سمیت سماجی کارکنان نے شرکت کی،کمشنر ملتان مریم خان اور تمام شرکاء نے کیک کاٹ کر تقریب میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کا عہد کیا۔تقریب میں محروم طبقات سے تعلق رکھنے والی خواتین کی آواز کو بلند کرنےاور صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا ۔ پینل میں شامل مقرین نے اس مہم کی اہمیت، خواتین ، افراد باہم معذوری ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کے مسائل، حقوق اور ان کی ملکی ترقی میں شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ صنفی بنیاد پر تشدد، اس کے اثرات، اور ان کے خاتمے کی حکمت عملیوں پر گفتگو کرنے کے لیے دوسرے پینل ڈسکشن کا انتظام کیا گیا۔ پینل کی نظامت سگنیفائی کے پروگرام منیجر احمد ریاض نے کی، جس میں مریم خان کمشنر ملتان، سی ٹی او سردار موارہن خان، ڈی ایس پی رانا ظہیر بابر اور دیگر نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے ادارہ جاتی کردار پر روشنی ڈالی۔