پاکستان فلم انڈسٹری پر برسوں سے راج کرنے والے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کو گورنر ہاؤس سندھ میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
مصطفیٰ قریشی نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں شاہ لطیف بھٹائی کی محبت سے بڑھ کر کوئی ایوارڈ نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں شاہ سائیں کی محبت پر اپنے سارے ایوارڈ قربان کر سکتا ہوں، ان کا آفاقی پیغام پوری دنیا کے لیے ہے جس میں اُنہوں نے انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں مجھے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا جس پر میں منتظمین اور بالخصوص گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اُنہوں نے میری بہت عزت افزائی کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری صوبے میں وہ کام بھی کر رہے ہیں جو ان کی ذمے داری میں نہیں آتے، یہ بات قابلِ تحسین ہے، امید ہے کہ وہ فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بھی کام کریں گے۔
مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے وفاق اور صوبہ سندھ کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
اُنہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور اس کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (نیف ڈیک)قائم کیا تھا اور اب میں سندھ حکومت سے کہوں گا کہ وہ سندھ ڈیولپمنٹ کارپوریشن بنا کر فلم انڈسٹری کے بحالی میں کردار ادا کرے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں اس وقت ایک بہترین ادبی اور ثقافتی ماحول بنا ھوا ھے جس کا کریڈٹ آرٹس کونسل کے سربراہ احمد شاہ کو جاتا ہے، ہماری نوجوان نسل ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کی طرف راغب ہو رہی ہے جو ایک اچھی علامت ہے۔