یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ روس کے ساتھ جنگ میں اب تک یوکرین کے 43 ہزار فوجی ہلاک اور 3 لاکھ 70 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔
مذکورہ بالا اعداد و شمار یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اتوار کے روز نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے بتائے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر نے حالیہ دنوں میں بیان دیا تھا کہ روس یوکرین جنگ میں اب تک یوکرین کے 4 لاکھ فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس بیان کے جواب میں یوکرینی صدر نے اتوار کے روز یہ اعداد و شمار ایک ٹیلی گرام پوسٹ میں بتائے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ ہمارے آدھے زخمی فوجی اپنی ڈیوٹی پر واپس بھی آچکے ہیں۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین نے اپنے ساڑھے 3700 قیدی بھی رہا کروائے ہیں۔
اپنی اسی پوسٹ میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ روس کا ہم سے کئی گنا زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔ یوکرینی صدر کے مطابق روس کے اب تک ایک لاکھ 98 ہزار فوجی ہلاک اور ساڑھے 5 لاکھ زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ان اعداد و شمار کے مصدقہ ہونے کے بارے میں کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس سال فروری میں یوکرینی صدر نے اپنے ہلاک فوجیوں کی تعداد 31 ہزار بتائی تھی۔