کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم منگل سےڈربن کے کنگز میڈ اسٹیڈیم میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل سے جنوبی افریقا کے دورے کا آغاز کرے گی۔ مشکل حریف کے خلاف گرین شرٹس پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔ 2019 کے بعد یہ اس کا پہلا دورہ ہے جس میں وہ تینوں فارمیٹس میں میزبان ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ محمد رضوان نے زمبابوے کی سیریز میں حصہ نہیں لیا تھا ۔ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی ایک بار پھر پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں۔ نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ بابر اعظم اورصائم ایوب اننگز کا آغاز کریں گے ۔ کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہم پچھلے مہینے سے مصروف ہیں اور یہ ہمارا لگاتار تیسرا بیرون ملک دورہ ہے، جس نے یونٹ کو تیاریوں کے لحاظ سے اور جلد از جلد مقامی حالات کا عادی بنا دیا ہے۔ بابر، نسیم اور شاہین کی وائٹ بال اسکواڈ میں واپسی خوش آئند ہے ۔ نوجوانوں اور تجربے کے عمدہ امتزاج کے ساتھ ہم سیریز میں جنوبی افریقہ کو چیلنج کرنے کے منتظر ہیں۔ جنوبی افریقی کنڈیشنزبولنگ اٹیک کو سپورٹ کریں گی۔ پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف آخری دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوم گراؤنڈ پر فروری 2021 میں 2-1 سے جیتی تھی اور پھر اپریل 2021 میں اسی کی سرزمین پر 3-1 سے شکست دی تھی۔ جنوبی افریقا کی قیادت ریگولر کپتان ایڈن مارکرم کی جگہ ہینرک کلاسن کریں گے۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ: محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر ) ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد حسنین، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، صائم ایوب، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم، طیب طاہر اور عثمان خان ( وکٹ کیپر ) پر مشتمل ہے۔