اسلام آباد( جنگ نیوز)چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ ،ممبرسنٹرل کور کمیٹی یو بی جی(ایف پی سی سی آئی)اور سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس احسن ظفر بختاوری نے عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید 6 افراد کا 430000 روپے کا جرمانہ ادا کر کے رہائی دلا دی۔انہوں نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اورسپرنٹنڈنٹ جیل عبدالغفور انجم سے ملاقات کی۔ احسن ظفر بختاوری نے معمولی جرائم میں قید 6 افراد کا جرمانہ اپنی ذاتی حیثیت میں ادا کر کے ان کی رہائی کو ممکن بنایا جن میں افتخار، اسحاق،خائستہ رحمن،سہیل خان،محمد سلیم اور محمد شاہ شامل ہیں۔ یہ قیدی اپنی قلیل مالی حالت کے باعث جرمانے کی ادائیگی سے قاصر تھے اور قید کی سزا بھگت رہے تھے۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سماج کے تمام طبقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ قیدیوں کی بحالی اور ان کے لئے تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہی معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے کا راستہ ہے۔ انہوں نے دیگر مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔