چیئرمین ایف بی آر نے ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر عمل درآمد روک دیا۔
’جیو نیوز‘ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین نے کسٹم کے بیگیج رولز 2006ء میں مجوزہ ترامیم واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے اور فوری طور پر ایک سے زائد موبائل فون لانے پر پابندی کی تجویز پر عمل درآمد روک دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ موجودہ رولز 2006ء کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والوں کو 2 موبائل فون لانے کی اجازت برقرار ہے۔
اس کے علاوہ چیئرمین ایف بی آر نے 1200 ڈالرز سے زائد کی کمرشل اشیاء پر پابندی کی تجویز واپس لینے کی ہدایت کر دی اور رولز میں مجوزہ ترامیم واپس لے کر مشاورت کر کے دوبارہ پیش کرنے کا کہا ہے۔
واضح رہے کہ پیر کو ایف بی آر نے بیگیج اسکیم میں ترمیم سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت بیرونِ ملک سے کمرشل مقدار میں اشیاء ساتھ لانے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا تھا اور بیرونِ ملک سے ذاتی استعمال کے لیے ایک موبائل فون لانے کی اجازت دی گئی تھی۔