چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے چین کے داراالحکومت بیجنگ میں مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق چین اور مصری وزرائے خارجہ نے ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں امن کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر چینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے مذاکرات کو فروغ دینا چاہیے۔
چینی وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ شام کی خود مختاری و سالمیت کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اندرونی اتحاد مضبوط بنانے، جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کے حصول میں فلسطینیوں کی حمایت کرنی چاہیے۔
چینی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل، اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے نیا پائیدار سیکیورٹی فریم ورک ضروری ہے، چین مشرقِ وسطیٰ میں امن، استحکام، ترقی و خوش حالی کے فروغ کا حامی رہے گا، مشرقِ وسطیٰ کے تمام ممالک کا طویل المدت قابلِ اعتماد شراکت دار رہے گا۔
چینی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مصر کے ساتھ جامع اسٹریٹجک تعلقات نئی سطح پر لے جانے کے خواہاں ہیں۔