وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورہ چین کے دوران شنگھائی میں کینسر اور دیگر جینیاتی بیماریوں کے علاج کی مصنوعات بنانے والی کمپنی بی جی آئی جینومکس کا دورہ کیا ہے۔
شنگھائی کے ڈسٹرکٹ یانٹین میں واقع میڈیسن کمپنی کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بی جی آئی جینومکس کے صدر مسٹر وانگ جیان سے ملاقات کی۔
پنجاب حکومت اور بی جی آئی جینومکس کے درمیان کینسر کے علاج اور دیگر امور میں اشتراک کار کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ بی جی آئی جینومکس کینسر کے علاج کے لئے محکمہ صحت اورحکومت پنجاب کی معاونت کرے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو بی جی آئی ہیڈ کوارٹر میں ڈی این اے سنتھیسز لیب، سیکوئنسنگ لیب اور ایس ٹی او مکس لیب کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بی جی آئی جینومکس کے ماہرین نے مریم نواز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی سو سے زائد ممالک میں جینیاتی تحقیق اور سروسز فراہم کر رہا ہے۔ مختلف بیماریوں کے علاج میں جدید ترین جینیاتی طریقے متعارف کرانے کے ساتھ جینیاتی سیکوئنسنگ کے ذریعے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بی جی آئی جینومکس کو پنجاب میں ریسرچ سینٹر قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔ مریم نواز نے کہا کہ بی جی آئی جینومکس کی فیسلٹی کا پنجاب میں قیام میڈیکل ریسرچ کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مریم نواز نے ایگریکلچر یونیورسٹیز میں بی جی آئی گروپ کے تعاون سے ریسرچ کلچر کو مزید مستحکم کرنے کی تجویز بھی دی۔