• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی جیولر نے اپنی مصنوعی آنکھ میں قیمتی ہیرا جڑوا لیا

تصویر: سوشل میڈیا
تصویر: سوشل میڈیا

امریکا میں جیولری اسٹور کے مالک نے اپنی مصنوعی آنکھ میں 2 قیراط کا ہیرا نصب کروا لیا۔ 

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست الاباما کے ایک جیولری اسٹور کے مالک کی جب دائیں آنکھ کی بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی تو اس نے اپنی نئی مصنوعی آنکھ کو منفرد بنانے کا فیصلہ کیا اور اس میں ایک ہیرا جڑوا لیا۔

امریکی شہری سلیٹر جونز شاید دنیا کی سب سے مہنگی مصنوعی آنکھ کے مالک ہوں۔ ایک خطرناک بیماری کے نتیجے میں انکی دائیں آنکھ کی بینائی ختم ہونے کے بعد انھوں نے آنکھوں کے مصنوعی ماہر سے رجوع کیا تاکہ ایک ایسی خاص آنکھ بنوائی جا سکے جو انکی جیولری ڈیزائنر کی شناخت کو ظاہر کرے۔ 

اس منفرد جیم آئی کے مرکز میں دو قیراط کا ہیرا جڑا ہوا ہے، جو روشنی پڑنے پر چمکتا ہے اور جہاں بھی جونز جاتے ہیں، یہ آنکھ وہاں پر گفتگو کا محور بن جاتی ہے۔ 

جونز نے اپنی مصنوعی آنکھ کے بارے میں کہا کہ میری آنکھ کی بینائی ختم ہوگئی، لیکن یہ میری زندگی میں ایک نئی روشنی لے آئی اور اب یہ صرف ایک طبی آلہ نہیں بلکہ ایک فن پارہ بن گیا ہے۔

مصنوعی آنکھ بنانے کے ماہر جون لم کے مطابق انھوں نے لگ بھگ 10 ہزار چھوٹے بچوں کی آرٹیفیشل (مصنوعی) آنکھیں بنائی جن میں سے بعض کی عمر چھ ہفتے  تھی، لیکن میٹریل کے لحاظ سے یہ سب سے قیمتی مصنوعی آنکھ ہے۔ 

چند مہینوں قبل جب سے یہ خبر عام ہوئی سوشل میڈیا پر سلیٹر جونز کی آنکھ کے حوالے سے صارفین کافی کمنٹس کر رہے ہیں جن میں کچھ اگر تخلیق کو سراہ رہے ہیں تو کچھ نے انکی سیکیورٹی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید