اسلام آباد(جنگ نیوز )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فاؤنڈر گروپ کی کونسل کے ارکان نے آبپارہ مارکیٹ کے الیکشن میں کامیاب صدر اجمل بلوچ اور جنرل سیکرٹری اختر حسین عباسی کومبارکباد دینے کے لیے گزشتہ روز آبپارہ مارکیٹ کا دورہ کیا، وفد کی قیادت فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ صدر آئی سی سی آئی ناصر قریشی ، یو بی جی (ایف پی سی سی آئی) کے جنرل سیکرٹری ظفر بختاوری، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالروف عالم، فاؤنڈر گروپ کے سابق چیئرمین خالد اقبال ملک، خالد جاوید، اعجاز عباسی، چوہدری مسعود، اور شوکت مسعود شامل تھے۔ فاؤنڈر گروپ کے ارکان نے بزنس کمیونٹی کے لیے اجمل بلوچ اور اختر حسین عباسی کی خدمات کو بھرپور سراہا اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق نے کہا کہ اجمل بلوچ ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔