پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹیم میں ’میں‘ کا لفظ نہیں، ’ہم‘ کا لفظ ہوتا ہے۔
پارل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جو ماضی کی ناکامی ہوتی ہے اس کو ماضی میں رکھتے ہیں مگر اس سے سبق سیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے۔ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے۔ ون ڈے میں ہمارا اچھا ردھم ہے، اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
محمد رضوان نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں ہم نوجوان پلیئرز کو موقع دے کر تجربات کر رہے ہیں۔ ون ڈے سیریز میں ہم چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ٹیم میں تمام پلیئرز کپتان ہی ہیں، ٹیم میں ’میں‘ کا لفظ نہیں، ’ہم‘ کا لفظ ہوتا ہے۔ ٹیم ورک بہترین ہے، ہم سب متحد ہیں، جونیئر ہو یا سینیئر سب کا فوکس ٹیم کی جیت پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں ہر جگہ الگ کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں۔ ملک سے باہر کھیلنے میں ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کو مومینٹم ملا ہوا ہے، وہ بھی جیت کر آرہے ہیں۔ ہم نے بھی آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ہرایا جبکہ زمبابوے میں بھی سیریز جیتی۔ ون ڈے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔