دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جہاں قومی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنالیے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے میچ کی طرح اس مرتبہ پھر قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا اور اوپنر عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور گزشتہ میچ کے ہیرو اور سنچورین صائم ایوب نے 48 رنز جوڑے۔ صائم اس میچ میں بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔
تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 23ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل کروائی۔ اس موقع پر بابر اعظم نے اپنے کیریئر کی 34ویں نصف سنچری مکمل کی۔
تین میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ قومی ٹیم نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے زیر کیا تھا۔
قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا 240 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔ صائم ایوب نے شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ مین آف دا میچ سلما علی آغا 82 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے تھے۔
اس سے قبل تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جنوبی افریقہ نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔