عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں اسرائیلی بمباری کو جنگ نہیں ظلم قرار دے دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جمعے کو ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 10 افراد شہید ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ بچوں پر بمباری کی گئی، یہ ظلم ہے، یہ جنگ نہیں ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے پوپ فرانسس کے اس بیان کو نشانے پر رکھ لیا اور ان پر دہرے معیار کا الزام عائد کردیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس کا بیان مایوس کُن ہے کیونکہ اس کا سچ سے تعلق نہیں، وہ اسرائیلی جنگ سے واقف نہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے غزہ میں اپنی جارحیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے پوپ فرانسس نے ان سب کو نظر انداز کرنے کا انتخاب کیا ہے۔