• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں فلسطینی نسل کشی کے واضح آثار ہیں، اسپتال کھنڈرات میں تبدیل ہو گئے: ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق غزہ کے اسپتالوں کا کھنڈرات میں تبدیل ہونا فلسطینی نسل کشی کے واضح آثار ہیں، اس کے باوجود غزہ جنگ بندی کے لیے بات چیت میں اختلافات برقرار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے نئی رپورٹ جاری کی ہے۔

مذکورہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسپتال کھنڈرات میں تبدیل کیے جا رہے ہیں، فلسطینی سر زمین پر اسرائیلی افواج کی طرف سے نسل کشی کے واضح آثار ہیں۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ عالمی برادری اور اسرائیل کے حامی ممالک اسرائیل کے لیے غیر مشروط حمایت ختم کر کے غزہ میں نسل کشی کو روکنے کی ذمے داری پوری کریں۔

غزہ کو خوراک کی فراہمی روکنے کے اسرائیلی اقدام پر اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عالمی عدالت سے رائے مانگنے کی قرار داد منظور کر لی ہے۔ 

انروا نے جنرل اسمبلی کی قرار داد منظور ہونے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم غزہ جنگ بندی کے لیے بات چیت میں اختلافات برقرار ہیں۔

غزہ کے 2 اسکولوں پر حملے، 15 فلسطینی شہید

دریں اثناء غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کے 2 اسکولوں پر حملوں کے نتیجے میں مزید 15 فلسطینی شہید ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مختلف اسرائیلی حملوں میں کل سے اب تک 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

غزہ کے 2 اسکولوں پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں مزید 15 فلسطینی شہید ہو گئے، ان اسکولوں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔

ادھر مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں گاڑی پر حملہ کر کے 4 افراد کو شہید کر دیا گیا، جبکہ نابلوس میں 80 سالہ خاتون سمیت 8 افراد اسرائیلی کارروائی میں شہید ہو گئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید