اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے وزیرِ اعظم کے کمیٹی بنانے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت دے دی ہے۔
دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل اسپیکر چیمبر میں دن 11 بجے ہو گا۔
اس حوالے سے ایک بیان میں ایاز صادق نے کہا ہے کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنے کے لیے وزیرِ اعظم کا اقدام خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللّٰہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں۔
کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین بھی شامل ہیں۔