• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے اسپیکر ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی: شیخ وقاص اکرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی۔

جیو نیوز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل ہماری مذاکراتی کمیٹی ملاقات کے لیے جائے گی، ملاقات کی پیشرفت سے بانئ پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک مؤخر یا منسوخ کرنے کا فیصلہ بانئ پی ٹی آئی کریں گے، بانئ پی ٹی آئی مستقبل کی حکمت عملی کا تعین کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کل حکومتی کمیٹی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے وزیرِ اعظم کے کمیٹی بنانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔

دونوں کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل اسپیکر چیمبر میں دن 11 بجے ہو گا۔

اس حوالے سے ایک بیان میں ایاز صادق نے کہا تھا کہ مسائل مذاکرات سے حل کرنے کے لیے وزیرِ اعظم کا اقدام خوش آئند ہے، نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید