سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے مسائل کے حل کےلیے فوری طور پر فورم تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ فوراً ایک فورم تشکیل دیاجائے، جو درپیش مسائل کا فوری حل نکالے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت یا وزیراعظم فورم کی سربراہی کریں، عسکری قیادت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اس کا حصہ بنایا جائے۔
ق لیگ کے سربراہ نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کےلئے تمام فریقین کو مل بیٹھنے کی ضرورت ہے، فورم باہمی مشاورت سے مسائل کے حل کےلئے تجاویز مرتب کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کو بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ملک میں دہشت گردی میں اضافہ اور اس کے نتیجے میں جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے یہ بھی کہا کہ ملک کو ابتر معاشی صورتحال کا سامنا ہے، پاراچنار میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر قتل و غارت کی وجہ سے حالات کشیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر اور توانائی کا بحران ہے، بین الاقوامی برادری کےساتھ تعلقات میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔